نئی دہلی : ہندوستان کی معروف یونیورسیٹی جامعہ ملیہ اسلامیہ نے اپنے خاص ایوارڈ ستارہ جامعہ سے مختلف شعبوں میں نمایاں کارکردگی انجام دینے والے اپنے فضلاءکو ستارہ جامعہ ایوارڈ سے سرفراز کیا ہے جس میں معروف این جی او شکیھر آرگنائزیشن کے سربراہ جناب ندیم اختر بھی شامل ہیں ۔

شیکھر آر گنائزیشن کی پریس ریلیز کے مطابق گزشتہ دنوں لکھنو ءمیں جامعہ المنائی کیلئے ایک ڈنر کا اہتمام کیا گیا اس موقع پر جامعہ کے مقبول ایوارڈ ستارہ جامعہ سے جامعہ کے تین اہم فضلاءکو مختلف شعبوں میں نمایاں کارکردگی انجام دینے کیلئے نوازا گیا ۔ستارہ جامعہ ایوارڈ تعلیم اور سماجی خدمات کیلئے شیکھر آرگنائزیشن کے سربراہ ندیم اختر کو جامعہ کے وائس چانسلر پروفیسر طلعت احمد کے ہاتھوں دیاگیا ،ان کے علاوہ آئی پی ایس آفیسر حنیف قریشی کمشنر آف پولس فرید آباد اور مشہور جرنلسٹ عظیم احمد پی آر او جامعہ ملیہ اسلامیہ کو بھی پروفیسر طلعت احمد کے ہاتھوںستارہ جامعہ ایوارڈ سے سرفراز کیا گیا ۔

لکھنو میں جامعہ المنائی کی اس ڈنر تقریب میں ہندوستان کے علاوہ سعودی عرب ،متحدہ عرب امارات ،قطر ،کویت سمیت متعدد ممالک میں قیام پذیر جامعہ کے فضلاءنے شرکت کی اور ستارہ جامعہ سے سرفراز ہونے والے تینوں شخصیات کو مبارکباد پیش کی ۔

واضح رہے کہ ندیم اختر شیکھر آرگنائزیشن کے ذریعہ تعلیم اور سماجی خدمات کے شعبہ میں نمایاں کارنامہ انجام دے رہے ہیں،متعدد تعلیمی سینٹر کے علاوہ لڑکیوں کیلئے علاحدہ اسکول بھی چلاتے ہیں ،ہیلتھ کے شعبہ میں بھی یہ این جی او نمایاں کام کررہی ہے اس کے علاوہ مشاعرہ کا بھی انعقاد کرایاجاتاہے ۔اب تک تقریبا ساڑھے چھ لاکھ لوگ شیکھر سے استفادہ کرچکے ہیں ۔