لکھنؤ: آل انڈیا حسینی سنی بورڈ کے قومی نائب صدر سید جنید اشرف کچھو چھوی نے اپنے ایک جاری بیان میں کہا کہ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے یروشلم کو اسرائیل کی راجدھانی کے طور پر منظوری دے کر بہت ہی افسوس ناک فیصلہ کیا ہے ۔ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کیا دنیا کے ڈیڑھ ارب مسلمانوں سے جنگ چھیڑ کر ساری دنیا کے اوپر ایک جنگ تھوپ رہے ہیں ؟اس فیصلے کے نتائج بہت ہی سنگین ہوں گے ۔ سید جنید اشرف کچھوچھوی نے کہا کہ غزہ پٹی پر اسرائیلی دعویٰ ہی جھوٹا تھا ۔ 1950 سے پہلے اسرائیل نام کا کو ئی ملک ہی نہیں تھا ۔ مگر ان کی گندی سازشوں کو فلسطینی پہلے ہی بھگت رہے تھے ۔اس پر ٹرمپ کے فیصلے سے پورے گلف کو آگ میں جھونکنے کا کام کیا ہے ۔ اس سے دنیا میں خاص طور سے گلف میں دہشت گر دی میں اضافہ ہو گا ۔ اقوام متحدہ کو فوراً ہی اس پرفیصلہ لے کر ٹرمپ کے ذریعہ کئے گئے فیصلے کو ختم کیاجانا چاہئے ۔ اس افسوس ناک فیصلے کا اسرائیل کے علاوہ کسی بھی ملک نے حمایت نہیں کی ہے ۔ جو ایک قابل تعریف قدم ہے ۔