لکھنؤ: امام باڑہ غفران مآب لکھنؤ میں نمائندہ جامعۃ المصطفیٰ (ص) حجۃ الاسلام و المسلمین جناب آقای محمد رضا صالح صاحب کی بے پناہ محبتوں اور کوششوں سے مرکز قرآنی و حدیثی نور المصطفیٰ نمائندگی جامعۃ المصطفی دہلی کے زیر اہتمام جشنوارہ قرآنی و حدیثی المصطفیٰ کے مرحلہ دوم کے مسابقات اور اختتامیہ کا لکھنؤ میں شان و شوکت کے ساتھ انعقاد کیا گیا۔

جس میں اتر پردیش کے مختلف مدارس و حوزات علمیہ کے طلبہ اور طالبات نے پورے جوش و خروش کے ساتھ شرکت فرمائی۔

استاد قرآن حجۃ الاسلام آقای سید باقر ایلیا رضوی صاحب کی سرپرستی اور مدیریت میں پہلے دن ( بروز بدھ) امتحان شفاھی: ترتیل، قرائت اور حفظ قرآن کا مرحلہ طے پایا اور جشنوارہ کے دوسرے دن (بروز جمعرات) 9 بجے صبح اختتامیہ جشن کا انعقاد عمل میں آیا۔

جشن کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا. تلاوت قرآن کے بعد استاد قرآن حجۃ الاسلام جناب مولانا سید یونس حیدر رضوی صاحب ماہُلی نے قرآن کے موضوع پر بہترین اشعار سے سامعین کو محظوظ فرمایا اور نظامت کے فرائض انجام دیئے. امتحانات میں منتخب شدہ طلبہ اور طالبات کو انعامات اور اسناد سے نوازا گیا۔
معلمان و مربیان قرآن حجۃ الاسلام جناب مولانا سید منھال حیدر زیدی صاحب، حجۃ الاسلام جناب مولانا سید یونس حیدر رضوی صاحب ماہُلی اور حجۃ الاسلام جناب مولانا سید محمد تفضل صاحب نے اپنے دست مبارک سے ممتاز طلبہ اور طالبات کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے اسناد اور انعامات تقسیم کئے اور اپنے نورانی وجود سے بزم قرآن کو منور فرمایا۔