لکھنؤ: معروف عالم دین و روحانی فائونڈیشن کے فائونڈر اینڈ چیف شیخ طریقت مولانا سید محمد جیلانی اشرف کچھوچھوی نے آج شاہی جامع مسجد کیمپل روڈ لکھنؤ میں اپنے خطاب کے درمیان میں کہا کہ حضور اکرم نورمجسم ﷺ کی یوم پیدائش عالمی یوم امن کے طور پرمنائی جانی چاہئے ۔ اسلام کا دہشت گردی سے کو ئی لینا دینا نہیں ہے ۔ محمد اکرم ﷺ فرماتے ہیں کہ ایک بے گناہ کاقتل ساری انسانیت کاقتل ہے ۔ وہ اسلام جب ایک بے گناہ کے قتل کو برداشت نہیں کرسکتا تو وہ اسلام دہشت گر دی کو کیسے برداشت کر ے گا ۔ محمد اکرم ﷺ سارے عالم کے لئے رحمت بناکر بھیجے گئے ہیں ۔ انہوںنے بارہ ربیع الاول پر بولتے ہو ئے کہا کہ مسلمانوں کو چاہئے کہ جشن عید میلاد النبی کی رات اپنے گھروں و مسجدوں میں میلاد کا اہتمام کریں ۔ا ورصبح لکھنؤ میں آل انڈیا محمدی مشن کی جانب سے جلوس محمدی میں شرکت کر کے نبی کی غلامی کا ثبوت پیش کریں ۔ سید جیلانی اشرف کچھوچھوی نے کہا کہ محمد اکرم ﷺ صرف مسلمانوں کے لئے رحمت بناکر نہیں بھیجے گئے ہیں ، بلکہ سارے عالم کے لئے رحمت ہیں ۔ لہذا ہمیں اپنے پڑوسیوں کے ساتھ ساتھ محلے والوں اپنے شہر والوں چاہے ان کا کسی بھی مذہب سے تعلق ہو ۔ امت محمدی سمجھ کر ان کی ہر طرح سے مدد کرنی چاہئے ۔ تبھی آپ سچے نبی کے پیروکار بن پائیں گے ۔ ورنہ نبی کے عاشق کا دم بھرنے سے کو ئی عاشق نہیں ہو جاتا ۔ بلکہ ان کا کر دار اپنانے سے ان کاعاشق کہلاتا ہے ۔ اس موقع پر صدائے صوفی کے سربراہ سید بابر اشرف کچھوچھوی ، آل انڈیا محمدی مشن یوتھ ونگ کے صدر سید محمد احمد کچھوچھوی ، آل انڈیا حسینی سنی بورڈ کے قومی نائب صدر سید جنید اشرف کچھوچھوی بھی مو جود تھے ۔