مسلمانوں کو حب الوطنی کے سرٹیفکیٹ کی ضرورت نہیں :مولانا زین الدین خان قاسمی

ممبئی : یوم آزادی کے موقع پر دفتر جمعیۃ علماء مہاراشٹر واقع امام باڑہ روڈ ممبئی۹ کے صدرگیٹ پر پرچم کشائی کے بعد مولانا زین الدین خان قاسمی( صدر جمعیۃ علماء ساؤتھ زون،ممبئی) نے فرمایا کہ اس ملک کی آزادی کے لئے مسلمانوں بطور خاص علماء کرام نے جو قربانیاں دی ہیں اس کی مثال ہندوستان کی آزادی کی تحریک میں حصہ لینے والے دوسرے مذہب کے لوگ پیش نہیں کرسکے جنگ آزادی کے وقت جو لوگ انگریزوں کی جوتیاں سیدھی کررہے تھے بلکہ مجاہدین آزادی کی جاسوسی کر رہے تھے وہی لوگ آج برسراقتدار ہیں اور دینی مدارس ذمہ داران مدارس کو وندے ماترم پڑھنے کو لازم قرار دے رہے ہیں اورپرچم کشائی کی ویڈیو فلم کے ذریعہ اپنی حب الوطنی کا ثبوت پیش کرنے کو کہہ رہے ہیں ، جبکہ ہمارے دینی مدارس نے بطور خاص علماء دیوبند نے جنگ آزادی کے متوالوں کی ایک فوج کو برسرپیکار کیا تھا۔

مولانا زین الدین خان قاسمی نے کہا کہ ہم کسی سے حب الوطنی کا سر ٹیفکٹ حاصل کر نے کے لئے یوم آزادی اور یوم جمہوریہ کے موقع پر پرچم کشائی نہیں کرتے بلکہ ان تقاریب کے موقع پر اپنے اکابر اسلاف کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، جن کی قربانیوں کے نتیجہ میںیہ ملک آزاد ہوا۔
مولانا زین الدین خان نے یہ بھی کہا کہ جب مجاہدین آزادی کی قربانیوں کو یاد کیا جاتا ہے،اور ان کو خراج عقیدت پیش کیا جاتا ہے تو مدارس عربیہ کے جان باز علماء کرام اور مجاہدین حریت کو یکسر نظر انداز کر دیا جاتا ہے ،جنہوں نے ملک کی آزادی کی خاطرقید و بند کی صعوبتیں برداشت کیں اور کالا پانی اور مالٹا کی قید و بند اور ہر طرح کی اذیتیں جھیلیں اور جاں نثاری کی ایسی مثالیں پیش کیں جس کی نظیراس ملک میں بسنے والی دوسری قوموں میں نہیں ملتی ۔ آخر میں گلزار احمد اعظمی نے حاضرین میں مٹھائی تقسیم کی اور اس تقریب میں شرکت پر ان کا شکریہ ادا کیا ۔

اس موقع پر مفتی عطاء اللہ قاسمی(سکریٹری جمعیۃ علماء ساؤتھ زون،ممبئی )مفتی محمد نعمان قاسمی(جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء سی وارڈ ،ساؤتھ زون ،ممبئی )مولانا بر کت اللہ (استاد صفا اسکول ،ممبئی)مفتی انعام الحق قاسمی (نائب سکریٹری جمعیۃ علماء سی وارڈ ،ساؤتھ زون ،ممبئی ) فہیم الدین خان فتحپوری (جنرل سکریٹری جمعیۃعلماء دھاراوی،ممبئی )صاحب دین سر (ٹیچرصفا اسکول ،ممبئی) جمعیۃ علماء مہاراشٹر اور
حلال فاؤنڈیشن کااسٹاف موجود تھے۔