مکرمی۔

نقصان پر نقصان اٹھانے اور ذلتیں پانے کے بعد بھی صحیح پارٹیوں میں اتحاد کے میدان میں کفرانِ نعمت کی مثالیں مل رہی ہیں۔ سیکولر ذہن رکھنے والے عوام آخر کس کا اعتبار کریں اور کن پتوں پر تکیہ کریں ملک کے سیاسی حالات اس وقت بہت نازک ہیں:

خداوندا یہ میرے سادہ دل بندے کہاں جائیں

کہ سلطانی بھی عیاری ہے درویشی بھی عیاری

اب تو یہ جملہ کہنے اور سننے کو جی نہیں چاہتا کہ دیکھتے ہیں اونٹ کس کروٹ بیٹھے کیونکہ سیاست کے میدان کا اونٹ اس قدر کروٹیں بدل رہا ہے کہاس پر کسی قسم کا تبصرہ کرنا ہی فضول ہے۔ اس کو گننے اور کاؤنٹ کرنے کا کام بھی جوئے شیر لانے کے برابر ہے۔ ایک نتیش کمار ہی کیا نہ جانے کتنے خوبصورت اور ناپسندیدہ چہرے ہیں کہ ان کے بارے میں بس یہی بات کہنا زیادہ مناسب ہے ’’ایک چہرے پر کئی چہرے لگا لیتے ہیں لوگ‘‘ کبھی بھاجپا کی دھجیاں بکھیر نے کا عم رکھنے والے خو دہی اس کا گیت گانے لگے۔ اس سے نہ صرف ملک اور عوام کا نقصان ہے بلکہ وہ خود کسی پائیدار کامیابی کو نہیں پا سکتے کیونکہ انسانی زندگی میں اور کسی بھی انسانی معاشرے میں اعتبار ہی ہے جو کامیابی کا ضامن ہوا کرتا ہے لیکن یہ پرستار ان مصلحت ہیں، ماننے والے نہیں اور ہم کو یہ سمجھاؤ کہ ہم ان پینترے بازوں کو کیا سمجھائیں، ہم تو یہی دعا کرتے ہیں خدا ان لوگوں کو نیک توفیق دے اور اپنے فائدے سے زیادہ ملک و قوم کا وفادار بنا دے۔ اس موقع پر ہم مودی اور یوگی کو بھی صلاح دینا چاہتے ہیں کہ نوٹ بندی جیسا اچانک فیصلہ اور گوشت بندی جیسے معاملات اور اسی طرح کے دیگر معاملات پر عجلت سے فیصلہ لینے سے گریز کریں کالے دھن اور بنا پرمٹ کے گوشت کے کاروبار کو ضابطوں کے تحت لانا یقینا ضڑوری ہے لیکن اس کے لئے جیسا کہ کہا اور لکھا بھی جا چکا ہے کہ پہلے سے مطلع کرنا ضروری ہے ان جیسے مسائل کے علاوہ آپ کی حکومت مستعد ہوکر مسائل کو حل کرنے میں لگی ہوئی ہے۔ یہ خوش آئند بات ہے۔ لیکن جرائم تھمنے کا نام نہیں لے رہے ہیں۔ اس لئے ضروری ہے کہ ہر مذبت کے رہنماؤں سے صلاح مشورہ کریں۔ اور حالات و ماحول پر گہری نظر رکھیں اس میں ملک و قوم کا بھی فائدہ ہے اورآپ کے بھی قدم تخت شاہی پر جمے رہیں گے اور اگر ایسا نہ ہوا تو بہت سے لوگوں کی طرح آپ بھی برے لفظوں سے یاد کئے جائیں گے۔ ملک کے وزیر اعظم نریندر مودی ملک کی اہم ذمہ داریوں کو بحسن و خوبی نبھائیں تو بہتر ہے ورنہ وہی ہوگا جو الٹا چلنے والوں کا انجام ہوتا ہے۔

قمر سیتاپوری

کھدرا، لکھنؤ

موبائل:9984712275