کالی کٹ مرکزمیں رمضان خطبات کا انعقاد ،کثیر تعداد میں فرزندان توحید سمیت خواتین کی شرکت

کالی کٹ : روزہ اسلام کے پانچ بنیادی رکن میں سے ایک ہے ۔اس ماہ مقدس میں سرکش شیاطین قید کردئے جاتے ہیں ،جہنم کے دروازے بند کرکے جنت کے دروازے کھول دئے جاتے ہیں ۔ہر نیکی کا اجر کئی گنابڑھادیا جاتا ہے ۔یہ ماہ اللہ کی عبادت ،اطاعت اور لوگوں کے ساتھ ہمدردی وغمگساری اور قرآن کریم کا مہینہ ہے ۔آج یہاں صحن جامعہ میں منعقدہ رمضان خطاب سے مولانا سید جزیل نے کہاکہ یہ ماہ امت مسلمہ کیلئے تحفہ ہے ،اس کی قدر کی جائے ۔انہوں نے کہاکہ روزہ ڈھال ہے روزہ دار کی جزا اللہ عزوجل خود عطا فرمائے گا۔انہوں نے کہاکہ مسلمانوں کو چاہئے کہ عبادت واذکار ،صدقات وخیرات کے ساتھ کثرت تلاوت کا خوب اہتمام کریں ،ماہ صیام کا قرآن سے اٹوٹ رشتہ ہے ۔انہوں نے کہاکہ ماہ رمضان کی نا قدری مغفرت سے محرومی ہے ۔جو شخص اس مقدس مہینہ میں اپنے لئے سامان مغفرت نہیں حاصل کرلیتااس کے لئے ہلاکت ہے ۔خبر کے مطابق مرکز الثقافہ میں رمضان خطاب کے ساتھ یومیہ ہزار افراد کے روزہ کا معقول انتظام ہوتا ہے جسکے تحت قرب وجوار کے غریب ومزدور افطار کرتے ہیں یہ نظم مسلسل ۰۳دنوں تک جاری رہے گا ۔قبل ازیں تہنیتی خطبہ پی ٹی سی محمد ماسٹر نے پیش کیا ۔پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن سے ہوا۔پروگرام کی صدارت مولانا لطیف ثقافی نے کی ۔آخر میں سید جزیل ثقافی نے ملکی سلامتی اور عالمی قیام امن کے لئے خصوصی دعا کی ۔صلوة وسلام پر پروگرام اختتام پذیر ہوا۔