لکھنؤ: سماج وادی پارٹی کے سینئر لیڈر و وزیر مملکت سید ظفر مسعود کچھوچھوی نے آج جاری بیان میں کہا کہ2017 میں سماج وادی پارٹی مسلمانوں کے بدولت پھر حکومت بنائے گی۔ انہوں نے کہاکہ سماج وادی پارٹی حکومت بنانے کے لئے جی جان لگا دے گی۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتی طبقہ کا بھروسہ شروع سے ہی سماج وادی پارٹی کے ساتھ رہاہے۔اور آئندہ بھی رہے گا۔ انہوں نے کہاکہ ہم عہد کر تے ہیں کہ 2017 میں اکھلیش یادو کی قیادت میں ہم دوبارہ حکومت بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آنے والے دور میں انشاء اللہ سپا حکومت اقلیتی طبقہ کو روزگار سے جوڑنے کے لئے بے پناہ کام کرے گی۔ انہوں نے کہاکہ ہماری سرکاربلا تفریق مذہب وملت کے بارہ ہزار اردو ٹیچروں کی بھرتی کی ہے۔ اس کے بر عکس بسپا حکومت نے اپنی مدت کار میں ایک بھی اردو ٹیچروں کی بھرتی نہیں کی ہے۔ وہیں سپا حکومت نے 146 مدارس عربیہ کو گرانٹ پر لے کر ہزاروں لوگوں کو مستفید کیا ہے۔ اسی طرح حضرت خواجہ غریب نواز ؒ کے عرس چھ رجب المرجب کو عام تعطیل کا اعلان، و جمعتہ الوداع کی تعطیل کا اعلان، حضرت علی ؓ کی یوم ولادت کے موقع پر تعطیل کا اعلان، حضرت خواجہ غریب نواز کے نام سے ایک یونیورسٹی کا نام منسوب کرنا بھی ہماری حکومت کا دین ہے۔ اسی طرح مدارس عربیہ کے اساتذہ کو بھی ساتویں اجرت کمیشن کے زمرے میں لانا بھی شامل ہے۔ مدارس عربیہ کے چودہ ہزار سے زائد مدارس کے اساتذہ کی تنخواہ میں دوگنا اضافہ، سائنس ٹیچروں کی تنخواہ میں بھی دوگنا اضافہ، اسی طرح ایک لاکھ بہتر ہزار شکشامتروں کے ایڈجسمنٹ کا کام جس میں کثیر تعداد میں اقلیتوں کی تعداد موجود ہے۔ان کو مستفید کیاگیا۔اسی طرح ہم اگر خانقاہوں کی بات کریں تودرگاہ کچھوچھہ شریف، درگاہ دیوہ شریف وغیرہ میں چوبیس گھنٹے بجلی کی سپلائی، وغیرہ یہ وہ کارہائے نمایاں ہیں۔ جس کی بنیاد پر 2017 میں سماج وادی پارٹی حکومت بنائے گی۔انہوں نے کہا کہ سماج وادی پارٹی کے سرپرست جناب ملائم سنگھ یادو نے مسلمانوں کی فلاح وبہبودگی کے لئے جس چیز کو ٹھان لی تھی۔ اس کو پوراکر دکھایا۔