راولپنڈی اور لاہور میں حکومت خلاف دو الگ الگ ریلیاں نکالی گئی ہیں جن کی وجہ سے دونوں ہی شہروں میں شدید ٹریفک جام ہو گیا۔

راولپنڈی میں شیخ رشید کی عوامی مسلم لیگ اور ڈاکٹر طاہرالقادری کی پاکستان عوامی تحریک کی جانب سے قصاص ریلی نکالی گئی جبکہ لاہور میں عمران خان کی جماعت پاکستان تحریک انصاف نے احتساب ریلی نکالی ہے- حکومت نے راولپنڈی میں شیخ رشید کے گھر کی طرف جانےوالے راستوں کو کنٹینرز لگا کر بند کر دیا تھا جس پر شیخ رشید نے حکومت کو سخت خبردا کیا، شیخ رشید کی دھمکی کے بعد حکومت نے کنٹینرز ہٹا لئے-

راولپنڈی اور لاہور دونوں ہی شہروں میں ریلیوں کی حفاظت کے لئے کنٹینرز کھڑے کئے جانے کی وجہ سے سخت ٹریفک جام ہو گیا اور نتیجے میں لاہور میں ایک مریض بچہ اور راولپنڈی میں ایک مریضہ خاتون اسپتال نہ پہنچ سکنے کی وجہ سے راستے میں ہی دم توڑ گئی-

اس درمیان لاہور میں احتساب ریلی کے آغاز میں ریلی کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ جب وزیراعظم ہی کرپشن کرے تو ملک تباہ ہو جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکمراں ملک کا پیسہ لوٹ کر باہر بھیج رہے ہیں- انہوں نے اس موقع پر کہا کہ ہفتے کی ریلی فیصلہ کن ثابت ہو گی-

دوسری جانب پنجاب حکومت نے کہا ہے کہ عمران خان اپنی سیاست چمکانے کے لئے انسانی جانوں کو داؤ پر لگانے سے گریز نہیں کرتے- حکومت پنجاب کے ترجمان زعیم قادری نے کہا کہ عمران خان خیبر پختونخوا میں احتساب کا عمل کیوں شروع نہیں کرتے۔