نئے منصبوبوں میں تعلیم اور صحت کے مراکز سمیت درجنوں اسکیمیں شامل

خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے مدینہ منورہ کے دورے کے دوران شہر نبی میں پانچ ارب ریال کے ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دی ہے۔ ان منصوبوں کی منظوری کا مقصد شہریوں کو بہتر معاشی سروسز کی فراہمی کو یقینی بناتے ہوئے زائرین مسجد نبوی کو کو مناسب سہولیات مہیا کرنا اور مدینہ کے باشندوں کی بنیادی ضروریات پوری کرنے میں ان کی مدد کرنا ہے۔
شاہ سلمان کی جانب سے جن منصوبوں کی منظوری دی گئی ہے ان میں تعلیم اور صحت کی اسکیمیں بھی شامل ہیں۔ شاہ سلمان کی ہدایت کے مطابق مدینہ منورہ میں اسلامی یونیورسٹی کا قیام عمل میں لایا جائے گا جس کے لیے 8 کروڑ 43 لاکھ ریال کا بجٹ مختص کیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ مدینہ منورہ میں 341 ملین ریال کی لاگت سے 45 بوائز اور گرلز اسکول قائم کیے جائیں گے۔ شاہ سلمان کی جانب سے منظور کردہ منصوبوں میں مدینہ منورہ میں آبی تحفظ کے منصوبے کے تحت 235 ملین ریال مالیت کا تین ملین مکعب میٹر پانی ذخیرہ کرنے کا پروجیکٹ بھی شامل ہے۔
بجلی کی فراہمی کے لیے وسطی میں مدینہ منورہ میں ایک پاور اسٹیشن کے قیام کی منظوری کے ساتھ ساتھ البرکہ، الخندق اور البیداء کے مقامات کے لیے 15 الیکٹرک پاور اسٹیشنز کے قیام کی منظوری دی گئی ہے جس کے لیے 2475 ملین ریال مختص کیے گئے ہیں۔
دیہی ترقی کے لیے ایک ارب ریال کی رقم مختص کی گئی ہے جو سیلاب سے تحفظ، سڑکوں، پبلک مقامات اور بنیادی ڈھانچے کی بہتری پر صرف کی جائے گی۔ شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی جانب سے مدینہ منورہ میں 500 بستروں کی سہولت پر مشتمل 415 ملین ریال کی لاگت سے ایک بڑا اسپتال قائم کیے جانے کی بھی منظوری دی گئی ہے۔