صیہونی فوجیوں نے استقامت اور انتفاضہ فلسطین کو کچلنے کے لئے مغربی کنارے کے مختلف علاقوں پر حملے کئے ہیں۔
فلسطینی خبر رساں ایجنسی معا کی رپورٹ کے مطابق صیہونی فوجیوں نے پیر کے دن مغربی کنارے کے مختلف علاقوں پر حملے کر کے گیارہ فلسطینیوں کو گرفتار کر لیا۔ مغربی کنارے پر صیہونیوں کے حملے کے بعد صیہونی فوجیوں اور فلسطینیوں کے درمیان جھڑپ بھی ہوئی۔
دریں اثناء صیہونی حکام نے تا اطلاع ثانوی انیس سو اڑتالیس کی مقبوضہ سرزمینوں میں فلسطینیوں کے داخلے پر پابندی عائد کر دی ہے۔
صیہونیوں نے اتوار کے دن بھی مسجدالاقصی پر حملہ کیا تھا۔
فلسطین کے مختلف علاقوں میں اکتوبر دو ہزار پندرہ سے صیہونی حکومت کی جارحیت، بیت المقدس کا تشخص تبدیل کرنے اور بیت المقدس کو زمان و مکان کے اعتبار سے تقسیم کرنے پر مبنی صیہونی سازش کے خلاف وسیع پیمانے پر اعتراضات کئے جا رہے ہیں۔ صیہونی حکومت کے جارحانہ اقدامات اور مظالم انتفاضہ قدس شروع ہونے پر منتج ہوئے ہیں۔
انتفاضہ قدس شروع ہونے کے بعد سے اب تک اسرائیلی فوجیوں نے تقریبا دوسو پندرہ فلسطینیوں کو شہید اور متعدد کو زخمی کر دیا ہے جبکہ بہت سے فلسطینیوں کو گرفتار بھی کرلیا ہے۔