پاکستان کے آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے امریکی ڈرون حملوں کو پاکستان کی ارضی سالمیت کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔
شین ہوا خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق جنرل راحیل شریف نے جمعے کے دن پاکستان اور افغانستان کے امور میں امریکہ کے خصوصی نمائندے رچرڈ اولسن اور امریکہ کے سینیئر کمانڈر جان نکلسن سے اسلام آباد میں ملاقات کے دوران پاکستان کے صوبہ بلوچستان میں امریکی ڈرون حملے کو پاکستان کی ارضی سالمیت کی خلاف ورزی قرار دیا ۔ پاکستانی آرمی چیف نے مزید کہا کہ واشنگٹن کے اس طرح کے اقدامات سے باہمی احترام اور اعتماد میں خلل پیدا ہوجائے گا۔
جنرل راحیل شریف کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کی سرزمین میں امریکہ کی فوجی مداخلت سے دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے آپریشن پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔
جنرل راحیل شریف نے امریکہ سے اپیل کی کہ وہ افغانستان میں سرگرم طالبان کے سرغنے ملا فضل اللہ کو اپنے حملے کا نشانہ بنائے۔
امریکہ کا اعلی سطحی وفد دونوں ممالک کے تعلقات میں پیدا ہونے والی حالیہ کشیدگی کے بارے میں گفتگو کرنے کے مقصد سے جمعے کے دن اسلام آباد پہنچا تھا۔ اس موقع پر پاکستانی عوام نے امریکہ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔