عراقی وزیراعظم نے کہا ہے کہ داعش کے قبضے سے فلوجہ شہر کو آزاد کرانے کی فوجی کارروائیاں پوری قوت کے ساتھ جاری رہیں گی۔
عراقی وزیراعظم حیدرالعبادی نے اتوار کو عراق کے سرکاری ٹیلی ویژن چینل العراقیہ سے اپنی گفتگو میں کہا کہ فلوجہ کو دہشت گردوں کےقبضے سے آزاد کرانے کی فوجی کارروائیاں بلاوقفہ اور کسی تعطل کے بغیر جاری رہیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ عراقی فوج فلوجہ شہر کے اندر مسلسل پیشقدمی کر رہی ہے- انہوں نے کہا کہ عوامی رضاکار فورس کے ساتھ مل کر عراقی فوج عام شہریوں کی جان کی سلامتی کو یقینی بنانے کی پوری کوشش کر رہی ہے-
عراقی وزیراعظم نے داعش کے قبضے سے آزاد ہونے والے علاقوں پر فوج اورعوامی فورس کا کنٹرول مستحکم بنائے جانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ داعش کے پاس اب بھاگنے کا کوئی راستہ نہیں ہے کیونکہ ان کے فرار کے سبھی راستے بند کر دیئے گئے ہیں-