تخریبی سیات‘فرقہ پرست طاقتیں اور سماج دشمن عناصر سے ملک کی سا لمیت کو شدید خطرہ:شیخ ابوبکر

مالاپورم(عبدالکریم امجدی ): کیرالہ کے شہر مالاپورم میں جامعہ معدن الثقافہ کے زیر اہتمام ہر سال کی طرح امسال بھی شب قدر کے موقع پرعظیم الشان پیمانہ پر عالمی دعا وروحانی کانفرنس کا انعقاد نہایت ہی تزک واحتشام کیساتھ منعقد ہوا۔جس میں ملک وبیرو ن ممالک کے مذہبی قائدین ،علما مشائخ سمیت ایک لاکھ سے زائدکی تعداد میںروزہ دار شریک ہوئے ۔ پروگرام بعد نماز ظہر تا ختم سحری مختلف نششتوں میں جاری رہا ۔ جس میں اجتماعی قرآن خوانی،حلقہ ذکر،مجلس تسبیح وتہلیل ،بردہ شریف ،اسماء البدرین ،راتب الحداد،اور اجتماعی افطار وتراویح کا حسین روحانی منظر قابل ستائش رہا ۔کرونا وائرس کی وجہ سے دوسال کے وقفہ کے بعد منعقد ہ لیلۃ القدر پروگرام میں ریاست کے مختلف حصوں سے انسانیت کا سیلاب امنڈ پڑا۔اجتماعی طور پر شراب نوشی اور دہشت گردی کے خلاف مشائخ کیرالہ نے عہدہ حلف دلایا۔ایک سروے کے مطابق مکہ مدینہ کے بعد دنیا کا سب سے بڑا دعا اجتماع کا ریکارڈ تسلیم کیا جاتا ہے ۔پروگرام کاآخری سیشن میں عالمی امن کانفرنس منعقد ہوئی جسکا آغاز سید علی بافقیہ کی دعائوں سے ہوا ۔اس موقع پر شیخ ابوبکر نے اپنے کلیدی افتتاحی خطاب میں ملک بھر میں ہورہے اقلیتی مظالم کی سخت مذمت کی ۔انہوں نے کہاکہ حکومت مسلمانوں کے مذہبی مقامات اور اقلیتی تحفظ کو یقینی بنائے ۔شیخ نے کہاکہ گندی سیاست نے فرقہ پرست طاقتوں کو ہوا دیا ہے جو ناقابل برداشت ہے ۔شیخ نے کہاکہ ہندوستان کی خوبصورتی مختلف مذاہب وادیان اور کثیر اللسان پر ہے ۔یہاں ہر مذہب کو اپنی آزادی حاصل ہے ۔شیخ نے کہاکہ سماج دشمن عناصر سے ملک کی سا لمیت کو شدید خطرہ لاحق ہے ۔شیخ نے مرکزی اور ریاستی حکومتوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اقلیتی تحفظ کو یقینی بنائے اور مسلمانوں کے مقدس مقامات کی حفاظت کرے ۔پروگرام سے بغداد جمعہ مسجد کے امام وخطیب الشیخ محمد انس الخلف العساوی نے شب قدر پر جامع روشنی ڈالی ۔ انہوں نے کہاکہ کیرل میں لیلۃ القدر کے موقع پر اتنا بڑا روحانی اجتماع دیکھ کر بہت خوشی محسوس ہورہی ہے۔یقینا اہل کیرل کی محبت علما کے تئیں قابل ستائش ہے ۔۔جبکہ صدارتی فرائض سمستھا کیرالہ جمعیۃ العلما کے صدر مولانا ای سلیمان مسلیار نے انجام دیا ۔سید ابراہیم خلیل البخاری نے منشیات اور دہشت گردی کیخلاف عہد لیا۔اس موقع پر معدن اکیڈمک کے نئے تعلیمی سال کیلئے جونیئرآئی اے ایس ،کوڈنگ اکیڈمی،سائپرو فار سائنس اینڈ تکنالوجی ایڈوانس اور معدن فالیمی ایپ لانچ کیا۔پروگرام کو کامیاب کرنے لئے 5555افراد رضاکارانہ طور پر خدمت انجام دے رہے تھے ۔ایمرجنسی انتظامات جیسے ایمبولینس،فائر بریگڈ،میڈیکل ہلپ ڈسک کی سہولت گشت کرتی رہی ۔پروگرام سے سی محمد فیضی ،شیخ عمربن حفیل،شیخ صباح الدین،شیخ محمد انس الخلف العزاوی،مولانا عبدالقادر،پیروٹ عبدالرحمن ثقافی،کے کے احمد کٹی مسلیار ،کے کے احمد مبصر،سید طحہ،پروفیسر اے کے عبدالحمید،ڈاکٹر محمد فاروق نعیمی نے بھی خطاب کیا۔ آخر میں رقت انگیز طور پر ملکی امن وامان کیلے خصوصی دعا کی گئی۔فلک شگاف آمین کی صدائوں سے مجمع گونج اٹھا ۔ختم سحری پرصلاہ وسلام سے پروگرام کا اختتام ہوا۔