ملک بھر سے ثقافی فارغین سمیت متعددملی ومذہبی شخصیات کی شرکت متوقع
کالی کٹ (عبدالکریم امجدی)
اعلی حضرت امام احمد رضا خاں قادری علیہ الرحمہ کے ۵۰۱/ویں عرس مبارک کے موقع پر جنوبی ہند میں واقع ملک کی عظیم الشا ن دینی وعصری اسلامی یونیورسٹی جامعہ مرکز الثقافۃ السنیہ کے زیر اہتمام فارغین ثقافی پر مشتمل ایک روزہ عظیم الشان ثقافی کانفرنس کا انعقاد ہونے جارہا ہے۔ جس میں ملک بھر سے سینکڑوں کی تعداد میں ثقافی فارغین علما شریک ہونگے۔اس موقع پر فاضل نوجواں متحرک عالم دین منیجنگ ڈائریکٹر مرکز نالج سٹی ڈاکٹر عبدالحکیم ازہری کی قیادت میں ملک بھر سے آئے ہوئے ثقافی علما ء پر مشتمل آل انڈیا ثقافی کونسل کی تشکیل بھی عمل میں آئے گی۔اس موقع پر ڈاکٹر عبدالحکیم ازہری نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ مرکز کیرالہ ماڈل پورے ملک میں دعوت وتبلیغ،تعلیم وتنظیم کا قیام بیحد ضروری ہے۔انہوں نے کہاکہ ہر کوئی جدگانہ،منفرد طور پر دین متین کا کام انجام دے رہا ہے جو ناکافی ہے۔ آج ضرورت ہے متحد ہ طور پر تنظیم سے منسلک ہوکر منظم طور پر ملک وملت کی فلاح وبہبودی،دعوت وتبلیغ،تعلیم وتعلم ودیگر سماجی امور انجام دئے جائیں۔ڈاکٹر ازہری کے مطابق جامعہ مرکز الثقافۃ السنیہ سے ابتک۵۱/ہزارسے زائد ثقافی فارغین ہیں جو ملک وبیرون ممالک کے اہم شعبہ جات میں دینی وعصری تعلیم،دعوتی،ملی ومذہبی فریضہ انجام دے رہے ہیں۔شیخ ابوبکر احمد کے تعلیمی مشن،دعوتی،تنظیمی،رفاہی،ملی،مذہبی خدمات وپیغام کو شمال ہند میں نافذالعمل کی خاطر عرس اعلیٰ حضرت کے موقع پر آل انڈیا ثقافی کونسل کی تشکیل عمل میں آئے گی۔ گرانڈ مفتی آف انڈیا نے ثقافی علما سے شرکت کی پُر خلوص گذارش کی ہے۔اس موقع پر کیرل کی مقتدر شخصیات،آرگنائزر،رضاکاران سمیت کثیر تعداد میں لوگ شریک ہورہے ہیں۔واضح رہے کہ یہ پروگرام سینٹر پیلس بینکٹ ھال آنند ہوٹل سول لائن پر منعقد ہوگا۔پروگرام میں مولانا صادق نورانی،مولانا عبید اللہ ثقافی،ڈاکٹر عبدالحکیم ازہری سمیت مرکز کی اہم شخصیات واساتذہ شریک ہونگے۔اس موقع پر شیخ ابوبکر احمد نے اعلی حضرت امام احمد رضا خاں قادری علیہ الرحمہ کے ۵۰۱/ویں عرس پاک کی مبارکباد پیش کی۔