سمنان: ایر انی صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا ہے کہ ملت ایران کسی طاقت کے سامنے سرجھکانے والی نہیں،یرانی عوام نے، اسلامو فوبیا اور ایرانو فوبیا کی سازشوں کو ناکام بنادیا ہے۔

ایران کے سرکاری میڈیا کے مطابق  صوبہ سمنان میں ایک بڑے’’ عوامی جلسہ ‘‘سے خطاب کرتے ہوئے حسن روحانی کا کہنا تھا کہ پابندیوں کی زنجیر ٹوٹ چکی ہے اور آج ایران کے عالمی بینکاری رابطے یکے بعد دیگرے بحال ہوتے جا رہے ہیں،ایران کی برآمدات کا راستہ کھل گیا ہے، البتہ غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ میں وقت لگ سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایران کے عوام نے ہر قسم کے علاقائی اور بین الاقوامی دباو اور پابندیوں پر غلبہ پا لیا ہے اور بڑی طاقتوں اور صیہونیوں کی جانب سے اسلاموفوبیا اور ایرانو فوبیا کی کوششوں کو پوری طرح بے اثر کر دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایٹمی معاہدے کے نتیجے میں ایران کے خلاف ، سلامتی کونسل کی چھے اور آئی اے ای اے کے بورڈ آف گورنر کی بارہ قراردادیں یکے بعد دیگرے تاریخ کے کوڑے دان میں ڈال دی گئی، ایران کی عظیم قوم نے ایٹمی میدان میں ایک عظیم اور تاریخ ساز کامیابی حاصل کی ہے اور اس نے ثابت کر دیا ہے کہ ملت ایران کسی طاقت کے سامنے سرجھکانے والی نہیں۔