پاکستان کے صوبہ پنجاب کے سابق گورنر سلمان تاثیر کے قاتل ممتاز قادری کو راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں پھانسی دے دی گئی۔ ممتاز قادری نے چار جنوری دو ہزار گیارہ کو سلمان تاثیر کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا تھا۔

موصولہ رپورٹ کے مطابق انسداد دہشت گردی کی عدالت نے جرم ثابت ہونے پر ممتاز قادری کو دو مرتبہ موت کی سزا سنائی تھی اور اس فیصلے کو سپریم کورٹ نے بھی برقرار رکھا تھا۔ صدر ممنون حسین کی جانب سے رحم کی اپیل مسترد ہونے کے بعد عدالت نے ممتاز قادری کے ڈیتھ وارنٹ جاری کئے۔ جیل حکام کا کہنا ہے کہ ممتاز قادری کی میت اس کے ورثا کے حوالے کر دی گئی۔

دوسری جانب پھانسی کے بعد اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور اور کراچی سمیت ملک کے مختلف شہروں میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے۔ پھانسی کے وقت اڈیالہ جیل جانے والے راستے کو سیل کر دیا گیا تھا۔