صیہونی فوجیوں اور صیہونی انتہا پسندوں نے ایک بار پھر مسلمانوں کے قبلہ اول مسجد الاقصی کی بے حرمتی کی ہے۔

فلسطین کے انفارمیشن سینٹر نے خبر دی ہے کہ ایک ایسے وقت میں جب تحریک انتفاضہ قدس اپنے پانچویں مہینے میں داخل ہو گئی ہے، انتہا پسند صیہونیوں نے صیہونی فوجیوں کے ساتھ مل کر باب المغاربہ کی جانب سے مسجد الاقصی پر حملہ کر دیا اور اپنے ہتک آمیز اقدامات سے اس مقدس مقام کی بے حرمتی کی۔ مسجد الاقصی میں موجود فلسطینیوں نے بھی اللہ اکبر کے نعرے لگا کر صیہونیوں کا مقابلہ کیا۔ ادھر غزہ سے بھی خبر ہے کہ صیہونی فوجیوں نے جبالیا کے علاقے میں حملہ کر کے متعدد فلسطینیوں کو زخمی کر دیا۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ صیہونی فوجیوں نے اس علاقے کے متعدد فلسطینیوں کو بری طرح زد و کوب کرنے کے بعد انہیں گرفتار کر لیا۔ واضح رہے کہ انتہا پسند صیہونیوں اور صیہونی فوجیوں کے ذریعے مسجد الاقصی پر حملے اور مسلسل بے حرمتی کے واقعات کے خلاف فلسطینیوں نے گذشتہ برس اکتوبر کے مہینے سے تحریک انتفاضہ قدس شروع کر رکھی ہے جس کے دوران صیہونی فوجیوں نے تقریبا ایک سو نوے فلسطینی شہریوں کو گولی مار کر شہید کر دیا ہے جبکہ بڑی تعداد میں فلسطینی شہری صیہونی فوجیوں کی فائرنگ میں زخمی بھی ہوئے ہیں۔