لبنان کے سابق وزیراعظم سعد حریری نے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ لبنان کی حمایت اور مدد سے ہاتھ نہ کھینچیں۔ ان کا کہنا ہے کہ سعودی عرب پر بلا جواز تنقید کرنے والے لبنانی لیڈروں کو اس کا خمیازہ بھگتنا ہو گا۔

ذراےُ کے مطابق بیروت میں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سعد حریری کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کی توہین کرنے والے لبنا کی توہین کے مرتکب ہو رہے ہیں۔ سعودی عرب کی شان میں گستاخی کرنے والوں کو اس کا خمیازہ خود بھگتنا پڑے گا۔

سابق وزیراعظم نے سعودی عرب پرلعن طعن کرنے والوں کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ ریاض پر یلغار کرنے والے لبنان کے کبھی وفادار نہیں ہو سکتے۔

سعد حریری نے کہا کہ سعودی عرب یا کسی بھی دوسرے خلیجی ملک نے غیروں کی جنگیں لڑنے کے لیے لبنانی نوجوانوں کا استعمال نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ لبنانی سفار ت کاری کا عرب دنیا کے اجتماعی فیصلوں سے نکلنا بہت بڑی غلطی ہو گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ لبنان کے ریاستی اداروں کو ایران کا محافظ اور چوکیدار نہیں بنایا جا سکتا۔ لبنان اپنا عرب تشخص اور عرب دنیا کے ساتھ اپنا تعلق قائم رکھے گا۔

نیوز کانفرنس کے اختتام پرسابق وزیراعظم نے اندرون اور بیرون ملک مقیم لبنانی شہریوں پر زور دیا کہ وہ عرب دنیا کے ساتھ اپنی وابستگی کے میثاق پر دستخط کریں کرتےہوئے لبنان کے عرب تشخص پر مہر تصدیق ثبت کر دیں۔