تہران: ایرانی لڑاکا طیارہ پاکستانی سرحد کے قریب صوبہ سیستان میں حادثے کا شکار ہوگیا جس میں پائلٹ اور معاون پائلٹ ہلاک ہوگئے ہیں۔ ایران کے سرکاری ٹی وی کے مطابق ایرانی فضائیہ کا ایک ایف 4 فینٹم لڑاکا طیارہ منگل کے روز پاکستانی سرحد کے قریب صوبہ سیستان میں تربیتی مشقوں کے دوران گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں پائلٹ اور معاون پائلٹ موقع پر ہلاک ہوگئے ہیں تاہم حادثے کی وجوہات فوری معلوم نہیں ہوسکیں۔ یاد رہے کہ ایرانی فضائیہ کے پاس 1979 کے اسلامی انقلاب سے قبل امریکہ سے خریدے گئے متعدد ایف فور لڑاکا طیارے موجود ہیں۔ جولائی 2014 میں ایک اور ایف فور لڑاکا طیارہ صوبہ شیراز میں حادثے کا شکار ہوگیا تھا جس میں دونوں پائلٹ بھی ہلاک ہوگئے تھے۔ رپورٹ کے مطابق طیارہ گرنے کی وجوہات کی تحقیقات جاری ہیں