جئے پور: محض فاؤنڈیشن کرناٹک کی جانب سے ہلٹن ہوٹل جئے پور میں چھٹواں یک روزہ قومی این جی او ایکس لینس ایوارڈ 2019 منعقد ہوا جس کا افتتاح ممتا بھوپیش ( وزیر خواتین و اطفال فلاح بہبود راجستھان حکومت ) اور راجستھانی فلم ایکٹر شرون ساگر نے شمع روشن کر کے کیا ۔ ہندوستان کی مختلف ریاستوں سے تعلیمی و سماجی خدمات انجام دینے والے سرگرم اراکین شامل ہوئے جس میں اترپردیش سے لکھنؤ کی احباب فاؤنڈیشن اور فاؤنڈیشن کے چیئرمین مولانا خالد اعظمی کو مدعو کیا گیا اور ان کی تعلیمی و سماجی خدمات کا محض فاؤنڈیشن نے اعتراف کرتے ہوئے مولانا خالد اعظمی کو تعلیمی و سماجی خدمات نیشنل این جی او ایکس لینس ایوارڈ 2019سے سرفراز کیا ۔ فاؤنڈیشن کے صدر ڈاکٹر ایم۔ اے۔ مومی گٹی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے احباب فاؤنڈیشن کی تعلیمی ، طبی و سماجی بیداری سرگرمیوں کی تعریف کرتے ہوئے حوصلہ افزائی فرمائی اور اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ محض فاؤنڈیشن سماج کے حق میں کام کرنے والی تمام این جی اوز کے ساتھ ہے ۔ اس چھٹویں یک روزہ قومی این جی او ایکس لینس ایوارڈ 2019 کے موقع پر جئے پور کی مقامی سماجی تنظیموں کے علاوہ مختلف ریاستوں جیسے مہاراشٹر ، تلنگانہ ، اڑیسہ ، کیرلا کے علاوہ کثیر تعداد میں لوگوں نے شرکت کی ۔