کانپور:۔ ووٹر لسٹ میں ناموں کے اندراج کرانے کی مہم کو کا میاب بنانے،اور عوامی بیداری پیدا کرنے کے لئے جمعیۃ علماء اترپردیش کی جا نب سے صو بائی سطح پر لوگوں کو توجہ دلائی جا ر ہی ہے ۔جمعیۃ علماء اترپردیش کے ریاستی صدر مولانا محمد متین الحق اسامہ قاسمی نے کہا کہ ملک کے مو جودہ حالات دن بدن بگڑتے جا رہے ہیں فرقہ پرست طاقتیں مسلمانوں کو ہر اعتبار سے کمزور کرنے کی کوشش میں ہیں آئے دن نت نئی بحث چھیڑ کر انہیں ہراساں کیا جا رہا ہے اور ان کی شہریت کومشکوک کر نے کی کچھ لوگوںکی طرف سے پلاننگ کی جا رہی ہے ہمیں انکی پلاننگ کو نا کام بنانے اور اپنی شہریت کو مضبوط و مستحکم کرنے کے لئے الیکشن کمیشن کی جا نب سے تیار کی جا رہی ہے ووٹر لسٹ میں نا موں کا اندراج کرانا ہوگا اور اس کے لئے ہمیں اپنے گھروں سے نکل کر لو گوں کو ترغیب کے ساتھ ساتھ مکمل رہنمائی کرنی ہو گی تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ استفاد ہ کر سکیں۔

مولانا اسامہ قاسمی نے جمعیۃ علماء اترپردیش کے تمام اراکین خصوصاً ریاست کے تمام اضلاع کے ذمہ داران سے کہا کہ آج اتوار کا دن ہے ، اس دن بی ایل او تمام پولنگ بوتھوں پر موجود رہیں گے اورجن جن علاقوں میں انتظامیہ کی جانب سے پولنگ بوتھ یا دیگر مقامات پر سینٹر بنائے گئے ہیں اور ووٹر آڈی بنانے ،نام پتہ درست کرانے کا کام چل رہا ہے ا ن سینٹروں تک پہنچانے کے لئے لوگوں کی رہبری و رہنمائی کریں ۔گھر گھر پہنچ کر لوگوں سے معلوم کریں کہ گھر میں کتنے افراد ہیں،کتنوں کے نام ووٹر لسٹ میں اندراج ہوئے ہیں کتنوں کے باقی ہیں ،کتنوں کے نام پتہ درست ہیںان سب کی فہرست تیار کرکے ان سب کے نام اندراج کرانے کی کو شش کریں ۔اگربی ایل او پولنگ بوتھوں پر موجود نہ ہوں یا پھر کام کرنے میں کوتاہی ،لاپروائی برت رہے ہوں تو علاقہ کے ذمہ دار لوگوں کے ساتھ جاکر کلکٹریٹ میں اس کی تحریری شکایت کریں اور جمعیۃ علماء کے ریاستی دفتر کو اس کی ایک کاپی بھیج کر مطلع کردیں۔ اس کے ساتھ ہی لو گوں کو اس تعلق سے بیدار کریں انہیں بتائیں کہ ابھی اگر ووٹر لسٹ میں اپنے ناموں کا اندراج نہیں کرایا تو بعد میں دشواریوں کاسامنا کرنا پڑ سکتا ہے اُس وقت رونے سے بھی کچھ حاصل نہ ہوگا۔اس وقت یہ بہت اہم قو می خدمت ہے اس لئے شہر ،گائوں ،محلے ، گھر اور ہر ہر فر د کو ووٹ اندراج کا احساس دلایا جائے۔