ممبئی: جمعیۃ علماء جس کی تاریخ یہ رہی ہے کہ ناگہانی حالات میں فوری طور پر اپنی خدمات فراہم کر کے عوامی سطح پر راحت رسانی کا کام کرتی رہی ہے ،اس نے منظم اندازمیں بہارسیلاب متأثرین کے لئے راحت وریلیف کا کام سرگرمی کے ساتھ جاری رکھا ہے ۔ بہار میں وسیع پیمانے پر ہوئی تباہی وبربادی کے مد نظر یہ ریلیف نا کافی ہے اور بڑے پیمانے پر منصوبہ بند راحت رسانی وبازآبادکاری کی ضرورت ہے جس کے لئے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر ملت کے تمام افراد کو سرگرم حصہ لینے کی ضرورت ہے اسی بات کو مد نظر رکھتے ہوئے جمعیۃ علماء مالیگاؤں (ارشد مدنی) کے ایک وفد نے صوبائی فتر میں پانچ لاکھ روپئے کی رقم جمع کرائی ہے ۔

جمعیۃ علماء کے دفتر سے موصولہ اطلاعات کے مطابق آج ممبئی میں مقامی جمعیۃ علماء کے عہدے دار ان حاجی مکی سیٹھ، مولانا ظہیر ملی، مولانا امتیاز اقبال، مولانا عمران اسجد ندوی، مولانا مسعود، عمر حیات ملک، اقبال احمد اور محمد آصف نے جمعیۃ علماء کے عہدے دارن سے ملاقات کرکے دھولیہ شہر سے جمع ہونے والی رقم ریلیف میں جمع کرائی اور صدر جمعیہ علماء مہاراشٹر مولانا مستقیم احسن اعظمی، جنرل سیکریٹری مولانا حلیم اللہ قاسمی، خازن مفتی یوسف ، سیکریٹری قانونی امداد کمیٹی گلزار اعظمی سے ریلیف کے کاموں میں مزید حصہ لینے کی یقین دہانی کرائی ۔

جمعیۃ علماء مہاراشٹر کے دفتر سے یہ اپیل کی گئی ہے کہ بہار کی موجودہ صورت حال کو دیکھتے ہوئے عام مسلمانوں کو بڑھ چڑک کر حصہ لینے کی ضرورت ہے ، کیونکہ بہار کے متاثرہ علاقوں میں ایک منظم منصبوہ کے تحت ریلیف اور باز آباد کاری کرنے کی ضرورت ہے جس کے لیئے ایک خطیر سرمایہ کی ضرورت ہے۔