مسجد حرام میں معتکف ہزاروں فرزندان توحید کے لیے سعودی حکومت کی جانب سے ہرقسم کی بنیادی سہولتیں مہیا کی گئی ہیں۔ اس ضمن میں معتکفین کے سامان کی حفاظت کی غرض سے مسجد میں 600 الماریوں کا اہتمام کیا ہے۔
ذراےُ کے مطابق مسجد حرام میں طہارت سے متعلق شعبے کے انچارج انجینیر محمد سلیمان الوقدانی نے بتایا کہ معتکفین حضرات کی سہولت کے لیے فراہم کردہ چھ سوالماریاں سامان کو موسمی عوامل، گرمی، رطوبت اور زنگ لگنے سے محفوظ رکھنے کی خصوصیات کی حامل ہیں۔
الماریوں میں الیکٹرانک تالے لگائے گئے ہیں جنہیں نہایت آسانی کے ساتھ کھولا اور بند کیا جاسکتا ہے۔ الماریوں کے اندرونی حصے میں ایل ای ڈی لائٹس نصب کی گئی ہیں جنہیں ریمورٹ کنٹرول کی مدد سے روشن کیا جاسکتا ہے۔
الماریوں کے ساتھ ساتھ بجلی کے پلگ اور موبائل چارجنگ کی سہولت کے لیے یو ایس بی پورٹس لگائی گئی ہیں۔ انجینیر سلیمان الوقدانی کا کہنا تھا کہ مذکورہ تمام سہولیات معتکفین کو اس لیے فراہم کی گئی ہیں تاکہ انہیں دوران اعتکاف اپنی بنیادی ضرورت کے حوالے سے کسی پریشانی کا سامنا نہ پڑے اور اپنا سامان نہ صرف محفوظ رکھ سکیں بلکہ دیگر سہولیات سے بھی مستفید ہوسکیں۔