تل ابیب سے العربیہ کے نامہ نگار نے اپنے مراسلے میں بتایا ہے کہ وزارت دفاع کے قریب واقع ایک تجارتی مرکز کے باہر فلسطینی مزاحمت کار کی اندھا دھند فائرنگ کی زد میں آ کر چار اسرائیلی ہلاک جبکہ 4 دیگر زخمی ہوئے ہیں جنہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
حملہ آور کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ وہ فلسطینی عرب ہے اور اس تل ابیب کے مصروف کاروباری مرکز کے باہر راہگیروں پر اس وقت تک فائرنگ جاری رکھی جب تک کہ اس کے پاس اسلحہ کا ذخیرہ ختم نہیں ہوا۔ فائرنگ کی شدت سے علاقے میں خوف وہراس پھیل گیا اور اسرائیلی فوج اور پولیس نے علاقے کو اپنے گھیرے میں لے لیا۔
متاثرہ علاقے کی جانب جانے والی سڑک ہر طرح کی ٹریفک کے لئے بند کر دی گئی۔ اطلاعات کے مطابق حملہ آوروں کی تعداد دو بتائی جاتی ہے، جن میں ایک کارروائی کے بعد جائے حادثہ سے فرار ہو گیا۔ اسرائیلی میڈیکل اور میڈیا ذرائع کا کہنا ہے کہ فائرنگ سے زخمی ہونے والے اسرائیلیوں میں متعدد کی حالت نازک ہے۔
ادھر فائرنگ کے بعد اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو نے ایک اہم سیکیورٹی اجلاس طلب کر لیا ہے جس میں تل ابیب فائرنگ کی مضمرات پر غور کیا جائے گا۔