اجلاس مجلس منتظمہ جمعیۃ علماء جھارکھنڈ سے مولاناسید اسجد مدنی کا خطاب

ہزاریباغ : مجلس منتظمہ جمعیۃ علماء جھارکھنڈ کے پورے صوبہ سے آئے ہوئے
سیکڑوں اراکین کو خطاب کرتے ہوئے اجلاس کے مہمان خصوصی جگرگوشۂ شیخ الاسلام حضرت مولانا سید اسجد مدنی نے جمعیۃ علماء ہند اور حضرت مولاناسید ارشدمدنی کی حالیہ خدمات کو تفصیل کے ساتھ بیان کرتے ہوئے دوٹوک لہجہ میں کہاکہ جمعیۃ علماء ہند اور اس کے خدام پر قوم اور مسلمانوں کو مکمل بھروسہ اور اعتماد ہے ،انہوںنے بے قصور مسلم نوجوانوں کی گرفتاری کے خلاف جمعیۃ علماء ہند کی جرأتمندانہ خدمات کا جب ذکر کیاتو پوراہائوس فلک شگاف نعروں سے گونج اٹھا،مولانامدنی نے حضرت شیخ الہند مولانامحمودحسن دیوبندیؒ کے اخلاص وللہیت کوان کے واقعات کی روشنی میںبیان کیاتو سامعین کی آنکھیں ڈبڈباگئیں،انہوںنے اراکین کو جھنجھوڑتے ہوئے کہاکہ آپ انہیں اسلاف کے سپوت ہیں جنہوںنے اپنے آپ کو مٹاکر انسانیت کی خدمت کی، آپ بھی ان کے نقش قدم پر چلنے کی کوشش کریں۔
جمعیۃ علماء جھارکھنڈ کے عہدیداران کے انتخاب کے موقع پر مولانامدنی کا دل افروزخطاب کو سن کر مجلس منتظمہ کے اراکین پرعزم لہجہ میں یقین دلایاکہ ہم بھی خدمت کے جذبہ سے سرشار ہوکر کام کریں گے اورحضرت صدرمحترم مولاناسید ارشدمدنی کی ہرآواز پرلبیک کہیں گے،اس موقع پر مولانامدنی نے یہ بھی کہاکہ پورے ملک میں جمعیۃ علماء ہند کے پلیٹ فارم سے کئے جانے والی خدمات کا اعتراف صرف مسلمان ہی نہیں بلکہ ہر محب وطن کررہاہے،جو آپ اور ہمارے لئے بارگاہ ایزدی میںشکر کا موقع ہے ۔

انتخابی کاروائی کو بڑھا تے ہوئے مولانامدنی نے صدر،نائبین صدر اور خازن پر گذشتہ کارکردگی کی روشنی میں اپنے اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے جب ہائوس سے پوچھاتوپورے مجمع نے دونوں ہاتھ اٹھاکر اس کی بھرپور تائید کی ،ہائوس کی والہانہ تائید سے حضرت مولاناسیداسجد مدنی انتہائی خوش ہوئے اوراراکین مجلس منتظمہ جمعیۃ علماء جھارکھنڈسے دوبارہ پوچھاتو مجمع نے اس کی دوبارہ تائید کی ، اس کے بعد حضرت نے فرمایاکہ انتخاب پوراہوگیا؟تو ہائوس نے جواب میں جی ہاں ! الحمدللہ ۔
چنانچہ مولاناحبیب الرحمن قاسمی دیوگھر کو صدر،مفتی محمدشہاب الدین قاسمی کو جنرل سکریٹری ،جناب الحاج منظوراحمدانصاری اربااور جناب الحاج منظر خان جمشیدپور کو نائبین صدر اور جناب جاویداقبال خان دھنباد کو خازن منتخب کیاگیا،دیگر دونائبین صدر ،نائبین سکریٹری ،مشاہرین صوبہ ،ورکنگ کمیٹی کے ممبران اور مدعوئین خصوصی کے ناموں کا بھی عنقریب اعلان کردیاجائے گا ۔

جمعیۃ علماء ہند اور حضرت مولاناسید ارشد مدنی کی خدمات جلیلہ کو سن کر اراکین حد درجہ خوش اور مطمئن ہوئے اور جذبات سے لبریز ہوکرباربار نعرے لگاتے رہے۔
جمعہ سے پہلے رشیدی جامع مسجد نوادہ میں مولانامدنی نے حقوق العباد، خدمت خلق بالخصوص گھروالوں،اعزاء ،والدین،بہنوں بیٹیوں اور بیویوں کے ساتھ بہترین معاملہ کی تلقین کرتے ہوئے عام مسلمانوں سے اپیل کی کہ اس سلسلہ میں جناب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو اسوہ بنائیں ۔

اجلاس کا آغاز جناب قاری محمدصہیب رانچی کی تلاوت کلام پاک سے ہوا،آغاز میں نائب صدر جمعیۃ علماء جھارکھنڈ جناب الحاج منظوراحمدانصاری چیئرمین مدانتااسپتال اربا نے حضرت صدر محترم اور جمعیۃ علماء ہند کی خدمات کا تذکرہ کیا اور حضرت مولاناسید اسجد مدنی کااپنی طرف سے اور حاضرین کی طرف جمعیۃ علماء جھارکھنڈکی طرف سے باربار شکریہ اداکیاکہ انہوںنے جھارکھنڈ کو اپنی توجہ کا مرکز بنایا ،جمعیۃ علماء جھارکھنڈ کے صدر مولاناحبیب الرحمن قاسمی نے بھی اپنے خیالات کا اظہارکیا، مفتی محمدشہاب الدین قاسمی نے اراکین کا شکریہ اداکیااورضلعی صدورونظماء اعلیٰ سے عہدلیا کہ اپنے اپنے علاقہ میں جاکرتنظیم کے ڈھانچہ کو مضبوط اور وسیع کریں اور ہر ضلع میں جمعیۃ علماء کا دفتر بنائیں،تاکہ عام انسانوں تک جمعیۃ علماء ہند کے خدام کی رسائی ہوسکے، شرکاء میں مولاناادریس مظاہری صدرجمعیۃ علماء گڈا،مولانااختر حسین قاسمی جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء دیوگھر، مولانا عبدالرئوف قاسمی صدر جمعیۃ علماء دمکا،مولاناشمس الحق قاسمی جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء دمکا،مولاناعبدالمجید قاسمی دمکا،مفتی الیاس قاسمی دمکا، مفتی شمس الدین قاسمی نائب صدر جمعیۃ علماء پاکوڑ،مولاناآفتاب قاسمی جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء دھبناد،مولانااکرم قاسمی صدر جمعیۃ علماء گریڈیہہ، مولانارستم قاسمی جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء گریڈیہہ،مولاناجوہر قاسمی گریڈیہہ، مولاناقمر الدین قاسمی صدر جمعیۃ علماء کوڈرما، مولانامحبوب مظاہری جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء کوڈرما، مولاناافضل حسین قاسمی کوڈرما، مفتی یونس قاسمی صدر جمعیۃ علماء ہزاریباغ، مولاناشکیل الرحمن قاسمی ، جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء ہزاریباغ، جناب حفیظ اللہ صدیقی صدر جمعیۃ علماء رام گڑھ، جناب الحاج ایوب رام گڑھ،مولاناشاہد نوازقاسمی صدر جمعیۃ علماء لاتیہار،الحاج عزیراحمدصدر جمعیۃ علماء بوکارو،جناب شمس الضحیٰ جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء بوکارو،مسٹر وہاج الحق صدر جمعیۃ علماء چترا،مولانااقبال ایوبی جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء چترا، مولاناصابر حسین قاسمی جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء رانچی ،مولاناسمیع الحق قاسمی جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء رانچی، مولاناعنایت کلیم قاسمی دھبناد خصوصیت کے ساتھ قابل ذکر ہیں، حضرت مولاناسید اسجد مدنی کی دعاء پر مجلس کا اختتام عمل میں آیا۔